ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے زیراہتمام زوم میٹنگ ؛مچھلی مارکٹ کوپارک میں تبدیل کرنے کا مشورہ

بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے زیراہتمام زوم میٹنگ ؛مچھلی مارکٹ کوپارک میں تبدیل کرنے کا مشورہ

Mon, 09 Nov 2020 08:23:35    S.O. News Service

بھٹکل 9 نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل میونسپالٹی کےپھر ایک بار صدر منتخب ہونے پر بھٹکل مسلم خلیج کونسل کی طرف سے  گذشتہ روز  جناب پرویز قاسمجی کے لئے آن لائن زوم پر استقبالیہ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں بھٹکل کی مختلف جماعتوں اور اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کرتے ہوئے نئے میونسپل چیف کو کئی ایک مشوروں سے نوازا  اور بھٹکل میونسپالٹی کو مثالی میونسپالٹی میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

زوم میٹنگ میں جہاں کئی ایک مشورے اور تجاویز پیش کی گئیں،   اُسی میں ایک بھی تھی کہ مچھلی مارکٹ کو جلد سے جلد نوتعمیر شدہ ہائی ٹیک مچھلی مارکٹ میں منتقل کیا جائے اور اُس جگہ سمیت پرانے سنتے مارکٹ کی جگہ کو عوامی پارک میں تبدیل کیا جائے۔ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر ایڈوکیٹ مزمل قاضیا کی اس تجویز کو بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے جنرل سکریٹری جناب یونس قاضیا سمیت دیگر اراکین نے بھی سراہا اور کہا کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو عوام کو  تفریح کے لئے شہر کے بیچوں بیچ تفریح کے لئے جگہ فراہم ہوجائے گی اور کئی  لوگوں کو جالی اور نستار سمیت دور دراز علاقوں میں جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

مچھلی مارکٹ کی شفٹنگ، عیدگاہ کے باہر غیر قانونی باکڑوں کو ہٹانے کے مطالبہ کے ساتھ ساتھ غوثیہ اسٹریٹ  میں پمپنگ اسٹیشن سے پیدا ہونے والی صورتحال پر ممبران نے تشویش کا اظہار کیا ساتھ ساتھ شہر میں مچھروں کی بھرمار  اور دوائوں کا چھڑکاو سمیت فوگنگ مشین کےاستعمال پر زور دیا گیا۔ میونسپالٹی دفتر میں ٹیکس کی رقم کی بھرپائی کے لئے بینک  کا کیش  کاونٹر قائم کرنے، عوام جن ضروریات کے تحت میونسپالٹی میں آتے ہیں، اُن پر فوری دھیان دینے کے لئے الگ سے کوئی انتظام کرنے سمیت کئی ایک مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے اراکین نے توقع ظاہر کی کہ2010 کے بعد پھر ایک بار میونسپل چیف منتخب ہونے والے پرویز قاسمجی صاحب ان کی توقعات پر پورے  اُتریں گے اور بھٹکل کی میونسپالٹی کو پھر ایک بار مثالی میونسپالٹی میں  تبدیل کریں گے۔

عمائدین قوم نے بتایا کہ پرویز صاحب کے دور میں ہی بھٹکل کی سڑکیں خوبصورت بنی تھی،   شمس الدین سرکل کی خوبصورت  تعمیر ہوئی تھی اور انہوں نے ہی مختلف جگہوں پر پانی کے فوارے  اور پارک وغیرہ بھی تعمیر کئے  تھے،ان کے ہی دور میں انڈر گراونڈ ڈرینیج سسٹم بھی  بنا، مگر انڈر گراونڈ ڈرینیج سے پرانے محلوں کے سینکڑوں کنویں خراب ہوگئے، ساتھ ساتھ پارک، پانی کے فوارے وغیرہ بھی بند ہوگئے۔  جناب پرویز صاحب نے اس موقع پر بتایا کہ مناسب دیکھ ریکھ (Maintenance)  نہ ہونے کی وجہ سے ایسا ہوا،اگر دیکھ ریکھ صحیح ڈھنگ سے ہوتی  تو سب کچھ بحال رہ سکتا تھا۔  انہوں نے مزید بتایا کہ  غوثیہ اسٹریٹ کے پمپنگ اسٹیشن کی بھی دیکھ ریکھ  نہیں ہونے سے ہی پرانے محلوں میں کنویں خراب ہوئے ہیں، اگر انڈر گراونڈ ڈرینیج سسٹم کی دیکھ ریکھ اور  صحیح ڈھنگ اس کی نگرانی ہوتی  تو مسئلہ اتنا تشویشناک نہیں ہوتا تھا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اب واپس ان کاموں کو درست کرنے کی کوشش کریں گے، مگر انہوں نے ذمہ داران پر  زور دیا  کہ  ان کی  صدارتی میعاد ختم ہونے کے بعد تعمیر کی جانے والی تمام  چیزوں کے دیکھ ریکھ پر گلف کونسل و دیگر ذمہ داران توجہ دیں۔ نائب صدر قیصر محتشم نے بھی یقین دلایا کہ وہ بھی عوام الناس کے مسائل کو حل کرنے اپنی طرف سے ہرممکن کوشش کریں گے اور  تجربہ کار پرویز قاسمجی کے ساتھ کام کرکے بہت کچھ سیکھنے کی کوشش کریں گے۔

قائد قوم جناب ایس ایم سید خلیل الرحمن، جامعہ اسلامیہ کے صدر مولوی عبدالعلیم  قاسمی، مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے صدر ایس ایم پرویز، مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی، جامع مسجد کے خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی،  انڈین نوائط فورم کے عبدالمجید  جوکاکو اور ایس ایم ارشد،بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے جنرل سکریٹری محمد نصیف خلیفہ  سمیت گلف کی مختلف جماعتوں کے صدر و جنرل سکریٹری  و دیگر ذمہ داران بھی  زوم میٹنگ میں موجود تھے کئی ایک نے اپنے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کئی مفید مشوروں سے نوازا۔

جدہ جماعت کے جنرل سکریٹری نویدائیکری نے نظامت کی، بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے صدر زاہد رکن الدین نے صدارت کی۔پروگرام کا آغازمولوی فیاض کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، کونسل کے جنرل سکریٹری یونس قاضیا نے استقبالیہ نیز جلسہ کی غرض و غایت بیان کی، کونسل کے سکریٹری مولوی  تنویر جوشیدی نے آخر میں کلمہ تشکر پیش کیا۔

یاد رہے کہ جناب پرویز قاسمجی صاحب 2002 سے 2010 تک بھٹکل میونسپالٹی کے صدر تھے، اُس سے قبل والی میعاد میں وہ نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔


Share: